’کیا آپ نے مناسب لباس پہن رکھا تھا؟‘

نامناسب لباس کا الزام مصر میں بحث کا موضوع بن گیا ہے

مصر میں ہزاروں لوگ جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے مبینہ واقعے کا شکار ہونے والی خاتون پر نامناسب لباس پہننے کاالزام لگانے والی ٹیلی ویژن میزبان کے خلاف ہوگئے ہیں۔

مذکورہ ٹی وی پروگرام کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

اس کہانی کا آغاز اس وقت ہوا جب یہ پُرتشدد واقعہ کلوز سرکٹ ٹی وی پر ریکارڈ ہوا۔ شاپنگ مال کی ریکارڈنگ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مرد اور خاتون ایک دوسرے سے بحث کرتے ہوئے کیمرے کے فریم میں داخل ہوتے ہیں، اور قبل اس کے کہ شاپنگ مال کے سکیورٹی اہلکار یا ارد گرد موجود لوگ انھیں روکیں، مرد اچانک خاتون کو تھپڑ مار دیتا ہے۔

ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کی جانب سے پولیس میں مرد کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کی شکایت درج کروائی گئی تھی۔

تاہم مقامی پولیس کی جانب سے انھیں گرفتار نہیں کیا گیا جس کے بعد خاتون اپنا کیس عوام کی عدالت میں لے گئیں اور ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر پوسٹ کردی۔ اس ویڈیو کو اب تک تقریباً پانچ لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

مصر میں ٹی وی میزبان کی جانب سے لباس کے متعلق سوال پر عوام سوال اٹھانے لگي ہے

خاتون کئی ٹیلی وژن پروگراموں میں بھی شریک ہوچکی ہیں جن میں انھوں نےالزام لگایا ہے کہ ان پر مبینہ طور پر حملہ کرنے والے شخص اس علاقے کی مشہور شخصیت ہیں اور اسی وجہ پولیس نے انھیں گرفتار نہیں کیا۔

تاہم ان میں سے کوئی بھی بات مصری باشندوں کی جانب سے اپنی رائے کا اظہار کرنے کا سبب نہیں تھی۔

بلکہ جو واقعہ انٹرنیٹ پر وائرل ہوا وہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ خاتون نے (خاتون کا نام یہاں آن لائن برے برتاؤ کے باعث نہیں بتایا جا رہا) اشتعال دلانے والی ٹی وی میزبان ریحام سعید کو انٹرویو دیا۔ دوران گفتگو سعید کی جانب سے خاتون پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا گیا کہ خاتون کا لباس ان پر حملے کی وجہ بنا تھا۔

ریحام سعید نے اپنی مہمان سے پوچھا کہ ’کیا آپ کے خیال میں کیا آپ نے مناسب لباس پہن رکھا تھا؟‘ (شاپنگ مال کی سی سی ٹی وی ویڈیو ریکارڈنگ میں خاتون نے جینز اور بغیر آستین کے قمیض پہن رکھی ہے)۔ میزبان خاتون وہیں نہیں رکیں بلکہ انھوں نے اس کے بعد ان خاتون کی پرانی تصاویر بھی دکھائیں اور ان پر ’عریاں لباس‘ پہننے کا الزام لگایا۔ مثال کے طور پر ایک تصویر میں خاتون کو بِکینی میں دکھایا گیا تھا۔

ریحام سعید کا پروگرام عارضی طور پر بند رہے گا

جمعے کے روز ٹی وی نیٹ ورک کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا کہ ریحام سعید کا پروگرام عارضی طور پر بند رہے گا۔ اطلاعات کے مطابق پروگرام کو اشتہارات کے بائیکاٹ کا سامنا ہے۔

تصاویر کسی بھی طرح حاصل کی گئی ہوں لیکن آن لائن کئی مصری شہری خواہ وہ اعتدال پسند ہوں یا قدامت پسند، ریحام سعید کی مذمت کرتے نظر آتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ خواتین کے ساتھ تشدد اور ہراساں کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہی تھیں۔

اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق 99 فیصد سے بھی زائد یعنی تقریباً تمام مصری خواتین کو کسی نہ کسی قسم کے جنسی ہراسانی کے تجربے کا سامنا ہوتا ہے۔ جون سنہ 2013 میں حکومت کی جانب سے جنسی تشدد کے تدارک کے لیے نئی سزاؤں پر مشتمل قانون متعارف کروایا گیا ہے۔

BBC

Leave a Reply