– لاہور ناظم ملک –
* اقتدار کی کشتی بھنور میں ہھنستے ہی اتحادی چھلانگیں مارنے کو تیار
* پیپلزپارٹی اقتدار کی باقی مدت خود لینا چاہتی ہے جبکہ ن لیگ دوبارہ الیکشن پر بضد
* عمران کی رخصتی کی وجہ اسٹیبلشمنٹ کی غیر جانبدار ہونا،چین اور امریکہ کی ناراضگی بھی ہے
عمران خان کے اقتدار کی کشتی جیسے ہی بھنور کے ہچکولوں میں پھنسی ساتھی اتحادیوں نے اپنی اپنی جانیں بچانے کےلئے چھلانگیں مارنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں دوسری طرف اقتدار کی رسہ کشی کے میچ میں مصروف اپوزیشن نے ایمپائر کے بغیر کھیلے جانے والے میچ میں عمران خان کے خلاف اوٹ کی اپیل کے بعد میچ روک دیا ہے دوسری باری لینے کےلئے فیلڈر کھلاڑیوں میں اختلاف آدھے فیلڈر پہلے باری نہ ملنے پر عمران کو بیٹنگ جاری رکھنے جبکہ آدھے کھلاڑی عمران کو پویلین واپس بھیجنے پر بضد ہیں،
اسلام آباد کے سیاسی گرگوں کے مطابق اسٹیبلشمنٹ کے غیر جانبدار ہونے کے بعد عمران خان کا گھر جانا نوشتہ دیوار ہے لیکن شائد اپوزیشن کے آپسی اختلافات کے باعث عمران خاں کچھ وقت اور مل جائے پیپلز پارٹی کا خدشہ ہے کہ دوبارہ الیکشن کی صورت اسے اب وفاق میں اقتدار نہیں مل سکتا اسلئے پیپلز پارٹی عمران خان کو گھر بھیجنے کی قیمت میں عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کر کے اقتدار کی باقی ماندہ مدت خود لینا چاہتی ہے جس پر وہ اپوزیشن کے ساتھ سودے بازی کر رہی ہے لیکن ن لیگ دوبارہ الیکشن کی حامی ہے ن لیگ کا خدشہ ہے کہ اگر عمران کو ہٹا کر اقتدار پیپلز پارٹی کو دے دیا گیا تو انہیں اس کا فائدہ نہیں بلکہ الٹ نقصان ہوگا کیونکہ پیپلز پارٹی اقتدار میں آ کر ان کے ساتھ ہاتھ کرکے اسٹیبلشمنٹ کےساتھ اپنی لائن سیدھی کر لے گی،
ان گرگوں کے مطابق عمران خان کا اقتدار اپوزیشن کی مرہون منت رہ گیا ہے اب وہ جس وقت چاہیں عمران کو گھر بھیج سکتے ہیں،جبکہ عمران خان کے اتحادی چوہدری برادران اور ایم کیو ایم جو پہلے دن سے ہی ان سے خوش نہیں تھے اب بحران میں ساتھ دینے کی بجائے اپنے سیاسی مستقبل کو محفوظ بنانے کےلئے ایک طرف اسٹیبلشمنٹ اور دوسری طرف اپوزیشن سے اگلی باری کےلئے سودے بازی میں مصروف ہیں،ملک اسوقت سیاسی بےیقینی عدم استحکام کا شکار ہے اور عمران خان اکیلے کھڑے آنے جانے والوں کو دور سے دیکھ رہے ہیں،
سیاسی مبصرین کے مطابق عمران خان کی اقتدار سے رخصتی کی ایک وجہ سی پیک پر چین کی ناراضگی اور امریکہ کو افغانستان میں حملے کرنے کے لئے فضائی حدود نہ دینا بھی ہے،
ملک میں مہنگائی بےروزگاری نے پہلے ہی عوام کو عمران خان کی تبدیلی کے نعرے نے بددل کر کے رکھ دیا ہے اور اقتدار جانے کی صورت میں اب عمران خان کی عوام میں پہلے جیسی مقبولیت بھی باقی نہیں رہے گی۔۔۔
|Pak Destiny|