ماؤزے تنگ کیپ پہنے سوشلسٹ بھٹو اور امریکی سازش

mao tse tung cap wearing zulfiqar ali bhutto and american conspiracy

– مصنف: احمد طارق –

آج 4 اپریل 2021 ہے یعنی شہید جمہوریت اور قائد عوام، ذوالفقار علی بھٹو کو ہم سے بچھڑے ٹھیک 42 سال بیت گئے ہیں۔ 4 اپریل 1979 کو فجر کی اذان سے بھی کئی گھنٹے پہلے، یعنی صبح 2 بجے ایک ایسے شخص کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا جو تیسری دنیا میں غریب عوام کا زبردست حمایتی اور مقبول ترین لیڈر تھا۔

یہ امر بھی کسی سے چھپا ہوا نہیں کہ اندرونی سازش کو امریکی سامراجیوں کی پشت پناہی حاصل تھی۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد جب دنیا کے نقشے پر کئی ممالک وجود میں آئے اور مغرب بالخصوص برطانیہ کا نو آبادیاتی نظام اپنے آخری سانس لے رہا تھا، ایسے میں امریکہ اور برطانیہ نے نیا جدید نوآبادیاتی نطام متعارف کروایا۔ ایک طرف جہاں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے تیسری دنیا کے ممالک کی معیشت کو کنٹرول کیا گیا وہیں دوسری جانب ان ممالک میں اپنے پسند کے حکمرانوں سے حکومت بھی کروائی گئی تاکہ امریکی امداد دیکر اپنی مرضی کے فیصلے کروائے جائیں اور سرد جنگ کے زمانے میں کمیونسٹ سوویت روس کیخلاف محاذ گرم کیا جاسکے۔ ایسے میں اگر کوئی سیاستدان تیسری دنیا میں سوشلزم کا نعرہ بلند کرتا تو اس کو عبرت کا نشان بنا دیا جاتا، کچھ ایسی ہی مثالیں ہمارے خطے میں ڈاکٹر علی شریعتی اور ذوالفقار علی بھٹو کی شکل میں ملتی ہیں۔

قائد عوام بھٹو صاحب اپنی کتاب “اگر مجحے قتل کیا گیا” میں انہی مخفی ہاتھوں کے بارے میں لکھتے ہیں کہ: “مخفی ہاتھوں کی بابت مجھے جنوری 1977 میں رپورٹیں ملنی شروع ہوگئیں۔ اسی مہینے رفیع رضا (جو کہ بھٹو صاحب کے قریبی رفقا تھے) کی مجھ سے ساڑھے 4 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی جس کے دوران انہوں نے بتایا کہ قومی اتحاد وجود میں آرہا ہے۔ انہوں نے مجھے یہ بھی بتایا کہ قومی اتحاد کا صدر کون ہوگا، اس اتحاد کے اسباب، طریق کار اور عزائم پر بھی روشنی ڈالی گی۔ گفتگو کے اختتام پر انہوں نے میرے سامنے 3 متبادل رکھے: ایٹمی پروگرام بھول جاؤں، انتخابات ملتوی کردوں یا انتہائی سنگین نتائج کا مقابلہ کروں۔ رات کے کھانے پر ہماری بحث جاری رہی۔ آخر میں نے ان کے قیمتی مشوروں اور معلومات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔”

بھٹو صاحب لکھتے ہیں کہ رخصت ہونے سے پہلے رفیع رضا نے مجھ سے سوال کیا کہ: آپ اپنی ذات اور خاندان کیلئے اتنے بھیانک خطرات کیوں پیدا کر رہے ہیں؟ جس پر میں نے انہیں جواب دیا کہ: میں یہ سب مساوی بنیادوں پر معاشرہ تعمیر کرنے، اپنے ملک کو مضبوط اور جدید تر بنانے اور لوگوں کو خوشھالی سے ہمکنار کرنے کیلئے کر رہا ہوں۔۔۔۔۔۔۔۔۔

رفیع رضا کی بات بالکل درست ثابت ہوئی اور یوں 5 جنوری 1977 کی شام کو 9 جماعتوں پر مشتمل قومی اتحاد وجود میں آیا، جس نے ملک میں مارشل لاء کی راہ ہموار کی۔ قومی اتحاد کو مارچ 1977 میں ہونے والے انتخابات کیلئے اس وقت باہر سے اتنی زیادہ فنڈنگ ہوئی کہ ملک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں حیران کن کمی دیکھنے میں آئی۔ بھٹو صاحب اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ “اگر قومی اتحاد کو قوم کے مفادات اور لوگوں کی فلاح کا زیادہ ہی احساس ہوتا تو وہ انتخابی مہم کے دوران 25 کروڑ ڈالر اور انتخابات کے بعد 5 کروڑ ڈالر وصول نہ کرتا تاکہ میری حکومت ختم کی جائے۔”

بھٹو صاحب کیخلاف ہونے والی امریکی سازش کا ذکر بے نظیر بھٹو اپنی کتاب دختر مشرق میں بھی کرتی ہیں، وہ لکھتی ہیں کہ: جب میرے والد ملک کے وزیراعظم تھے تب انہیں خفیہ اداروں کی ایک رپورٹ موصول ہوئی۔ یہ اسلام آباد میں 2 امریکی سفارت کاروں کی ٹیپ شدہ گفتگو تھی۔ ان میں سے ایک نے میرے والد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: پارٹی ختم ہوچکی ہے وہ اب جاچکا ہے۔ میرے والد نے قومی اسمبلی میں اس گفتگو کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ: حضرات، پارٹی ابھی ختم نہیں ہوئی اور یہ اس وقت تک ختم نہیں ہوگی جب تک میں اس عظیم قوم کیلئے متعینہ مقاصد کی تکمیل نہیں کرلیتا۔۔۔۔۔۔

افسوس! امریکی سامراجیوں نے ایک ایسا لیڈر ہم سے چھین لیا جس نے چند جاگیرداروں کی نسلوں سے قبضہ کی ہوئی زمین کی غریب مزارعوں میں تقسیم کی، لاکھوں افراد کو جہالت سے نکال کر تعلیم سے آراستہ کرنے کا انتطام کیا، ملک کی بڑی صنعتوں کو قومی تحویل میں لیکر سرمایہ داروں کی اجارہ داری توڑی اور سوشلزم کی راہ ہموار کی، مزدوروں کیلئے کم از کم مزدوری کا تعین کیا، ملازمتوں کا تحفظ کیا، خواتین اور اقلیتوں سے امتیازی سلوک کا خاتمہ کیا اور ایک روشن خیال معاشرے کی تشکیل رکھی، آرٹ کو پروموٹ کیا، بھارت سے قبضہ کروائی ہوئی زمین واپس لینے کے ساتھ ساتھ 93 ہزار پاکستانی فوجی قیدیوں کی ملک واپسی بھی یقینی بنائی۔ یہاں اس وقعہ کا ذکر کرنا بھی بجا نہ ہوگا کہ جب 1967 میں ذوالفقار علی بھٹو نے ایوب خان کی کابینہ سے استعفیٰ دیا اور اعلان کیا کہ وہ البانیہ جارہے ہیں۔ انہی دنوں حبیب جالب نے بھٹو کے لیے نظم لکھی جس کو “نوائے وقت” اخبار کے عقبی صفحے پر حمید نظامی صاحب نے شائع کیا۔ اس روز یہ اخبار “بلیک” میں فروخت ہوا۔ نظم کے اشعار ملاحظہ کریں۔

دست خزاں میں اپنا چمن چھوڑ کے نہ جا
آواز دے رہا ہے وطن چھوڑ کے نہ جا

دل تنگ کیوں ہے رات کی تاریکیوں سے تو
پھوٹے گی صبح نو کی کرن چھوڑ کے نہ جا

تیرے شریک حال ہیں منصور اور بھی
سونی فضائے دار و رسن چھوڑ کے نہ جا

لبانیہ کے پھول بھی گو دل فریب ہیں
اپنے وطن کے سرو سمن چھوڑ کے نہ جا

اے ذوالفقار تجھ کو قسم ہے حسینؓ کی
کر احترام رسم کہن چھوڑ کے نہ جا

|Pak Destiny|

3 Comments

  1. Asmat Murtaza Reply
  2. Muhammad Yousaf Virk Reply
  3. Murtaza Khan Reply

Leave a Reply